ایرانی صدر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں
اسلام آباد: ایران کے صدر حسن روحانی پاکستان کے دوروزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
بطور صدر پہلی مرتبہ پاکستان آنے والے حسن روحانی کے ہمراہ وزرا، اعلیٰ حکام اور تاجروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی ایک وفد بھی ہوگا۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی صدر ،پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
دونوں ملکوں کے رہنما خصوصاً ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان پابندیوں کے خاتمے سے اقتصادی روابط میں اضافے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ترجمان نے یقین ظاہر کیا کہ صدر حسن روحانی کے دورے سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے پیر کو ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں کہا تھا’اس دورے سے ہمیں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا‘۔
نواز شریف نے کہا ’ہم تجارت اور کاروباری تعاون میں اضافے کیلئے علاقائی روابط کو فروغ دینے کے اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد پر توجہ دے رہے ہیں‘۔
خیال رہے کہ چار سالوں میں یہ کسی ایرانی صدر کا پہلا پاکستان دورہ ہو گا۔
اس سے قبل صدر محمود احمدی نژاد فروری، 2012 اسلام آباد میں منعقدہ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔