دنیا

امریکی صدر تاریخی دورے پر کیوبا میں

اوباما کے استقبال کے لیے کیوبا کے اعلیٰ عہدیداران تو موجود تھے لیکن صدر راؤل کاسترو اس موقع پر موجود نہیں تھے.

ہوانا: امریکی صدر براک اوباما تاریخی دورے پر کیوبا پہنچ گئے جہاں انھوں نے ہوانا میں تاریخی مقامات کا دورہ کیا.

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق دارالحکومت ہوانا میں امریکی سفارت خانے کے عملے سے ملاقات کے موقع پر صدر اوباما کا کہنا تھے، 'یہ ایک تاریخی دورہ اور ایک تاریخی موقع ہے'.

3 روزہ دورے کے موقع پر امریکی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ مشعل اوباما اور بیٹیاں مالیہ اور ساشا بھی موجود ہیں.

براک اوباما نے ہوانا میں عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے مقام کا بھی دورہ کیا ۔

امریکی صدر براک اوباما جب خاتون اول اور بیٹیوں کے ہمراہ ہوانا کے جوز مارٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں بارش نے بھی ان کا استقبال کیا—۔فوٹو/اے ایف پی

کیوبا کے صدر عمومآ دنیا کی اہم شخصیات کے استقبال کے لیے خود موجود ہوتے ہیں لیکن اتوار کو جب اوباما کے جہاز نے ہوانا میں لینڈ کیا تو ان کے استقبال کے لیے کیوبا کے اعلیٰ عہدیداران تو موجود تھے لیکن صدر راؤل کاسترو اس موقع پر موجود نہیں تھے.

راؤل کاسترو کی پیر کو صدارتی محل پیلس آف دی ریوولوشن (Palace of the Revolution) میں امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات شیڈول ہے.

صدر اوباما اور راؤل کاسترو کے درمیان ملاقات کے دوران تجارتی اور سیاسی معاملات پر گفتگو و شنید ہوگی.

گذشتہ 50 برسوں سے جاری سرد جنگ کے باعث کسی بھی امریکی صدر یا امریکی شہری کے لیے کیوبا کی سرزمین پر قدم رکھنا ناقابل تصور تھا، امریکا کے تعلقات کیوبا کے ساتھ اُس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب 1961 میں فیڈل کاسترو کے انقلاب کے بعد کمیونزم کے مغرب میں پھیل جانے کے خدشات پیدا ہوگئے تھے.

دوسری جانب براک اوباما کی آمد سے قبل ہوانا میں حکومت مخالف ایک گروپ ’لیڈیز اِن وائٹ‘ کی درجنوں ارکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جنھیں بعد ازاں رہا کردیا گیا.

سیاسی تجزیہ نگاروں کی رائے میں یہ دورہ امریکا اور کیوبا کے تعلقات میں نئے موڑ کی حیثیت رکھتا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔