مصر: داعش کا پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملہ، 15 ہلاک
قائرہ: مصر کے صوبے سینائی میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے ایک پولیس چیک پوسٹ پر خود کش بم دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں 15 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مصر کے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ صوبہ سینائی کے دارالحکومت الاریش کے قریب ایک پولیس چیک پوسٹ پر مارٹر حملہ کیا گیا تاہم داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا کیا گیا تھا، جس پر عسکریت پسندوں نے بعد ازاں حملہ بھی کیا۔
وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق حملے میں تین افسران اور 12 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: مصر: سینائی میں کاربم دھاکا، 30 فوجی ہلاک
مصری حکام کا کہنا تھا کہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں چھڑپ کے دوران پانچ حملہ آور ہلاک بھی ہوئے۔
خیال رہے کہ حالیہ کچھ ماہ سے سینائی میں بڑھتی ہوئی شورش میں سیکٹروں پولیس اہلکار اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ مصری فوج نے 2013 میں صدر محمد مرسی کی منتخب حکومت کو ختم کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد شمالی سینائی کے علاقوں میں شورش کا آغاز ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: روس کا مسافر طیارہ مصر میں گر کر تباہ
یاد رہے کہ داعش نے گزشتہ سال اکتوبر میں روسی طیارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 224 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
داعش کا دعویٰ تھا کہ انھوں نے مشروبات کی بوتلوں میں دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔