پاکستان

کراچی : ڈکیتی مزاحمت میں حساس ادارے کا اہلکار قتل

افسر کے گھر کے باہر تعینات اہلکار سے مسلح افراد نے موبائل چھیننے کی کوشش کی، اہلکار نے ایک ڈاکو کو بھی ہلاک کر دیا۔
| |

کراچی : ڈکیتی کی مبینہ کوشش پر حساس ادارے کے سپاہی نے ڈکیت کو ہلاک کر دیا جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک-5 میں ایک اعلیٰ عہدیدار کے گھر کے باہر تعینات اہلکار وقاص سے 2 موٹر سائیکل سوار افراد نے موبائل چھیننے کی کوشش کی۔

گلشن اقبال کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈاکٹر فرحت احمد کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کے موبائل چھیننے کی کوشش پر وقاص نے مزاحمت کی جس پر موٹر سائیکل سوار افراد نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، وقاص نے جوابی فائرنگ کر دی جس سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کے پوش علاقے میں ڈکیتی کے دوران گارڈ قتل

ڈاکٹر فرحت کے مطابق وقاص ہسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہلاک ہو گیا جبکہ زخمی ڈاکو کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی بعد میں ہلاک ہو گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کراچی ایسٹ کامران فضل صدیقی کا کہنا تھا کہ جس وقت اہلکار زخمی ہوا، اس وقت وہ وردی میں نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وقاص جس افسر کے گھر کے باہر تعینات تھا وہ خاندان پنوں عاقل سے کراچی منتقل ہوا ہے۔

بعد ازاں ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ گلشن اقبال میں اہلکار کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 16/146 سرکار کی مدعیت میں درج ہوا جس میں قتل، ڈکیتی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں