دنیا

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 61 افراد ہلاک

دبئی سے روستو آن ڈان جانے والا بوئنگ طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا، ہلاک ہونے والوں میں عملے کے 6 ارکان بھی شامل۔

ماسکو: دبئی سے روس جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 61 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے مقامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بوئنگ 737 طیارہ روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

مقامی وزارت ایمرجنسی کی ترجمان مرینا کوسٹیوکووا کا کہنا تھا کہ طیارے میں 55 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے، جبکہ پرواز دبئی سے روستو آن ڈان آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

روسی نشریاتی ادارے ’آر ٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والا طیارہ دبئی کی ایئرلائن ’فلائی دبئی‘ کا تھا، جبکہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی ’طاس‘ نے تحقیقاتی ایجنسی ’انویسٹیگیٹیو کمیٹی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ پہلے زمین سے ٹکرایا اور پھر ٹکروں میں تقسیم ہوگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 31 اکتوبر کو بھی روسی طیارہ مصر میں دوران پرواز تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت جہاز میں سوار تمام 224 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جہاز کو بم دھماکے سے تباہ کیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.