پاکستان

'عوام کے اصرار پر مشرف کو بیرون ملک علاج کی اجازت دی'

بلاول بھٹو زرداری جب بڑے ہوجائیں گے تو ان کی بات بھی سنیں گے، وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق
|

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو عوام کے اصرار پر بیرون ملک علاج کے لئے جانے کی اجازت دی گئی۔

خیال رہے کہ مشرف آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے اپنا نام خارج ہونے کے بعد علاج کیلئے دبئی چلے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: مشرف علاج کیلئے دبئی چلے گئے

سپریم کورٹ نے بدھ کو وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جون، 2014 میں مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

عدالتی فیصلے کے کچھ گھنٹوں بعد میڈیا پر قیاس آرئیاں شروع ہو گئیں مشرف بدھ کو رات گئے دبئی روانہ ہو رہے ہیں۔

تاہم، آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان نے ان خبروں کو مسترد کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر پی پی پی برہم

مشرف جمعرات کو رات گئے سخت سیکیورٹی پہرے میں اپنی بیوی صہبا مشرف کے ہمراہ ایک نجی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہوئے، جہاں اے پی ایم ایل کی اعلی قیادت اور ان کی طبی ٹیم پہلے سے موجود ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سعد رفیق نے مشرف کے بیرون ملک جانے کو عوام اور میڈیا کی مرضی سے جوڑ دیا اور موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف ان کو پہلے ہی معاف کرچکے ہیں۔

مزید جانیں: مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مسلم لیگ ن پر کی جانے والے تنقید پر سعد رفیق نے کہا کہ بلاول جب بڑے ہوجائیں گے تو ان کی بات بھی سنیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے ہفتے کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے ٹی 20 میچ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔