پاکستان

حکومت مالی، اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث: سراج الحق

18 مارچ کو حیدرآباد جب کہ 26 مارچ کو لاہور میں خواتین کا ناموس رسالت ﷺمارچ ہو گا، امیر جماعت اسلامی

کراچی : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کی موجودہ حکومت مالی، اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث ہے ۔

وہ جماعت اسلامی کے تحت کراچی کی نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر تک ناموس رسالت ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

ریلی سے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کے علاوہ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، حافظ نعیم الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور حکومتی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مالی، اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث ہے، ممتاز قادری کی سزائے موت حکومت کی نظریاتی کرپشن کا ثبوت ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا کہناتھا کہ وہ اس مارچ کے شرکاکو مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ثابت کر دیا کہ امریکی جنگ میں ہم امت مسلمہ کا حصہ ہیں ۔

انہوں نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کے حواریوں کے ذریعے امت مسلمہ پر ظلم کر رہا ہے اور اس دور میں جماعت اسلامی ہی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔

انہوں نے پنجاب میں تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں پر حکومتی پابندی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تبلیغی جماعت برائیوں کے خلاف اور نیکی کی تعلیم دیتی ہے ، تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کرنے والا پاش پاش ہو جائے گا۔

سراج الحق نے مارچ کو تحریک ناموس رسالت کا آغاز قرار دیا اور کہا کہ اب 18 مارچ کو حیدرآباد جب کہ 26 مارچ کو لاہور میں خواتین کا ناموس رسالت ﷺمارچ ہو گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں