اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال 12 مئی 2007 کے موقع پر متحدہ کا حصہ تھے اور اس وقت لگنے والے الزامات پر خاموش تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مارچ کو مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں متحدہ قومی موومنٹ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین پر ہندوستانی خفیہ ادارے 'را' کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا تھا جبکہ ان کے شراب کے نشے میں خطاب کرنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
اسی پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال نے نئی جماعت بنانے کا بھی اعلان کیا، تاہم اس کا کوئی نام نہیں رکھا گیا اور پاکستانی پرچم کو پارٹی کا جھنڈا قرار دیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کے ایم کیو ایم سے سیاسی تعلقات زیادہ اچھے نہیں رہے تاہم ان کی ذمہ داری ہے متحدہ کے ساتھ انصاف ہو۔