برطانوی سیکریٹری خارجہ کے بیان پر شیریں مزاری کی تنقید
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی انفارمیشن سیکریٹری شیریں مزاری نے پاکستان اور ہندوستان کے مذاکرات کی بحالی کو مسئلہ کشمیر سے غیر مشروط کرنے پر برطانوی سیکریٹری خارجہ فلپ ہیمنڈ کو 'احمق' قرار دیا ہے۔
شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر کہا کہ 'ہمیں ہندوستان سے تعلقات کیلئے برطانوی سیکریٹری خارجہ کے مشورے کی ضرورت نہیں۔ اس کے بجائے انھیں یورپی یونین کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے'۔
خیال رہے کہ برطانوی سیکریٹری خارجہ منگل کے دن دو روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے اور انھوں نے اسلام آباد آمد کے بعد وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔
مزید پڑھیں: ’پاک، ہند مذاکرات سبوتاژ کرنے والے عناصر کو روکیں‘
مسئلہ کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ مذاکرات سے منسلک نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے فلپ ہیمنڈ کا کہنا تھا کہ خطے میں طویل امن، سیکیورٹی اور معاشی ترقی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔
فلپ ہیمنڈ کا کہنا تھا کہ 'میں پاکستان کی جانب سے پٹھان کوٹ حملے کی تفتیش کا آغاز کرنے کو سراہتا ہوں'۔
پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹ میں برطانوی سیکریٹری خارجہ فلپ ہیمنڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے 'پاکستان اور ہندوستان کی تاریخ کو سمجھنا چاہیے'۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیکریٹری نے قومی اسمبلی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کشمیر پاک-ہند تعلقات کے پیرامیٹرز کا تعین کرتا ہے۔
'کسی بھی قسم کی پیش رفت اس وقت رک جاتی ہے جب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں کچھ ہوتا ہے'۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔