پاکستان

الطاف حسین کی صحت بالکل ٹھیک ہے: ندیم نصرت

ایم کیو ایم کی الطاف حسین کی صحت کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کی تردید۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے کنوینر ندیم نصرت نے پارٹی قائد الطاف حسین کی صحت کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر الطاف حسین کی خرابی صحت کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کو را کی’فنڈنگ‘: ایف آئی اے تحقیقات شروع

ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہا کہ الطاف حسین کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ پہلے کی طرح بدستور اپنے روزمرہ کے نجی اور تنظیمی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ کے قائد معمول کے مطابق رابطہ کمیٹی، زونوں ،تنظیمی شعبہ جات اور ذمہ داروں سے رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصطفیٰ کمال کے الزامات پر کارروائی کا عندیہ

ندیم نصرت نے کہا کہ الطاف حسین کی علالت کی افواہیں ایک منظم سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہیں جس کا مقصد تحریک کے کارکنوں اور عوام کی صفوں میں مایوسی اور انتشار پیدا کرنا ہے۔

بیان میں انہوں نے کہا کہ ان افواہوں کو وہی عناصرپھیلارہے ہیں جو ’ایم کیو ایم کو ختم، کمزور کرنے اور اس میں گروپ بنانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔

مزید جانیں: 'جلد بتائیں گے قافلے میں کون کون شامل ہے'

ندیم نصرت نے کارکنان وعوام سے کہاکہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پرکان نہ دھریں ، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

دوسری جانب متحدہ کے قائد نے بی بی سی اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صحت یاب ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔