کھیل

ملنگا سری لنکن ٹیم کی قیادت سے دستبردار

گھٹنے کی انجری ی وجہ سے مسلسل جدوجہد کرنے والے لاستھ ملنگا قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان لاستھ ملنگا قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ اینجلو میتھیوز کو ٹیم کی باگ ڈور سونپ دی گئی ہے۔

32 سالہ فاسٹ باؤلر انجری کے سبب ایک عرصے سے کرکٹ سے دور تھے اور گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے ذریعے ان کی کرکٹ میں واپسی ہوئی لیکن وہاں بھی وہ انجری کا شکار ہو کر پورا ایونٹ نہیں کھیل سکے تھے۔

ایشیا کپ میں دفاعی چیمپیئن سری لنکن ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور اسے بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی۔

ملنگا گھٹنے کی انجری کی سبب مستقل جدوجہد کر رہے ہیں تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ 17 مارچ کو اپنی ٹیم کے ایونٹ میں افتتاحی میچ میں شرکت کر سکیں گے۔

یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا جب چند گھنٹوں قبل ہی سری لنکن وزیر کھیل نے ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو برطرف کرتے ہوئے ایک نیا پینل تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی سابق کرکٹرز اروندا ڈی سلوا کریں گے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن سری لنکن ٹیم نے 2014 میں ایونٹ جیت کر چیمپیئن کا تاج سر پر سجایا تھا تاہم کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے کی ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکن ٹیم کی کارکردگی مستقل ناکامیوں سے عبارت رہی اور وہ عالمی درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہو کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔