پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس کی واپسی
اسلام آباد: پاکستان میں 11 سال بعد ٹینس کی بین الاقوامی سرگرمیوں کا آغاز ہونے جارہا ہے جہاں دارالحکومت اسلام آباد کے سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) اور انڈر 14 ٹینس چمپیئن شپ کے مقابلے ہوں گے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے سیکریٹری محمد خالد رحمانی نے قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ 'لڑکوں کے مقابلوں میں تین غیر ملکیوں سمیت کل 14 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ لڑکیوں کی چمپیئن شپ میں چھ پاکستانی لڑکیاں شرکت کررہی ہیں'۔
پی ٹی ایف کے بعد دیگرے دو ٹورنامنٹ انڈر14 اور ایشین رینکنگ چمپیئن شپ کے مقابلے پاکستان میں منعقد کر رہا ہے جو پی ٹی ایف کے کورٹ میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک تین غیر ملکی کھلاڑیوں میں ملائیشیا کے وی یی شین، سری لنکا کے یانیشکھے کورے اور برطانیہ سے پاکستانی نژاد سعید محمد دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں تاہم کوئی خاتون کھلاڑی تاحال نہیں پہنچی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق خالد رحمانی کا ماننا ہے کہ ان ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں ہر عمر کے بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کے لیے دروازے کُھلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ " انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ( آئی ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کی ممانعت کے وجہ سے ہم ڈیوس کپ اور آئی ٹی ایف کے جونئرز 18کے مقابلوں سمیت کئی بین الاقوامی ٹورنامنٹ بیرون ملک منعقد کرتے رہے ہیں۔
سیکریٹری پی ٹی ایف نے کہا کہ 'ان چمپیئن شپ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو ایک مضبوط پیغام جائے گا اور بین الاقوامی باڈی کو یہ باور ہو گا کہ پاکستان پروفیشنل مقابلوں کی میزبانی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
مقابلوں کا پہلامرحلہ پی ٹی ایف کےانتظام میں ہو گا جبکہ دوسرا مرحلہ اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام ہوگا۔
پاکستانی کھلاڑی حذیفہ عبدالرحمٰن پہلے اور حمزہ بن ریحان ٹورنامنٹ کے سیکنڈ سیڈ ہوں گے۔
لڑکیوں کےمقابلوں میں ذوہا عاصم اور ردا خان بالترتیب فرسٹ اور سیکنڈ سیڈ ہوں گی، ہانگ کانگ کی انجیلا ونگشان ٹاپ سیڈ تھیں جو تاحال پہنچ نہیں پائیں۔
آئی ٹی ایف وائٹ بیچ کے امپائر عارف قریشی اور شہزاد اختر علوی بالترتیب پہلے اور دوسرے مرحلے کے ریفری ہوں گے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔