پاکستان

ایم کیو ایم نے الزامات پھر مسترد کردیے

متحدہ کے خلاف سازش کی جارہی ہے، 'را' سے تعلق کے الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرتے ہیں، ترجمان ایم کیو ایم

کراچی: سابق صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد کی پارٹی رکنیت اور صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ایک مرتبہ پھر اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ متحدہ کے کارکنان و عوام، باضمیر صحافی، اینکر تجزیہ نگار، دانشور، سیاسی رہنما اور عوام اچھی طرح سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔

بیان میں ایک مرتبہ پھر 'را' سے تعلق کے الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ الزامات لگانے والوں کے پاس اگرثبوت ہیں تو ان الزامات کوعدالتوں میں ثابت کریں۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر صغیر نے متحدہ چھوڑ دی، مصطفیٰ کمال سےجا ملے

بیان میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم کے خلاف تمام الزامات کو مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کے حق پرست عوام نے باربار مسترد کیا۔

ترجمان کے مطابق عوام نے ایم کیوایم کے حق میں اپنامینڈیٹ دیا جس کا ثبوت حال ہی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج ہیں۔

ادھر رابطہ کمیٹی کے کنونیر ندیم نصرت نے ٹوئٹر پر کہا ' نئے ٹی ڈراموں کااصل مقصد سامنے آگیا کہ اپنی تمام ناکامیوں کاالزام ایم کیوایم کے سرڈال دو۔'

یہ بھی پڑھیں: 'ہم محب وطن لوگ تھے، 'را' کے ایجنٹ ہوگئے'

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پریس کانفرنس کا ردعمل شعر کی صورت میں کچھ اس طرح دیا ' 'ضمیر بیچ کے مسند خریدنے والو، نگاہ اہل وفامیں بہت حقیرہوتم'

مزید جانیں: 'اسٹیبلشمنٹ کسی پر ہاتھ رکھنے کے بجائے الطاف سے بات کرے'

ڈاکٹر صغیر کی مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کا ایک منظر—ڈان نیوز۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے متحدہ قومی موومنٹ اور صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کی 'نئی پارٹی' میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال گذشتہ ہفتے 3 مارچ کو وطن پہنچے تھے، انھوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے علیحدگی اور نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔