کھیل

'پاکستان، ہندوستان کھیلنے آیا تو پچ کھود دیں گے'

ہندو انتہا پسند گروپ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دیں گے۔

دھرم شالا: ہندوستانی انتہا پسند گروپ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دیں گے اور اگر پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے آئی تو وہ احتجاجاً گراؤنڈ کی پچ کو کھود دیں گے۔

ہندوستانی انتہاپسند جماعت اینٹی ٹیرارسٹ فرنٹ کے صدر وریندر شندیلیا نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم ہندوستان سے میچ کھیلنے کیلئے آئی تو وہ دھرم شالا کے اسٹیڈیم کی پچ کھود دیں گے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ ہونے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 19 مارچ کو دھرم شالا میں پاکستان اور ہندوستان کے خلاف میچ شیڈول ہے تاہم میچ سے قبل ہی مختلف سطح پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دھمکیاں دیے جانے کے ساتھ ساتھ ساتھ میچ نہ کھیلنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

وریندر نے کہا کہ اس بات کے سنگین خدشات موجود ہیں کہ میچ کے دوران پاکستانی دہشت گرد علاقے میں داخل ہو جائیں اور اگر ہماچل پردیش حکومت میچ کی اجازت دیتی ہے تو یہ پٹھان کوٹ میں ہلاک ہونے والوں کی تضحیک اور بے حرمتی ہو گی۔

مزید پڑھیں: 'پٹھان کوٹ ایئربیس میں تمام 6 حملہ آور ہلاک'

شندیلیا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہوم منسٹر راج ناتھ سنگھ کو اس سلسلے میں خط لکھا ہے اور وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ویر بھادرا سنگھ اور قائد حزب اختلاف پی کے دھومل سے بھی ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہم میچ کے خلاف دھرم شالا میں بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی ریاست کی قومی ٹیم کو سیکیورٹی دینے سے معذرت

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی ٹیم کے دورے کے موقع پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہوں بلکہ 1999 میں وسیم اکرم کی زیر قیادت ہندوستان جانے والی پاکستانی ٹیم کا استقبال کچھ اس انداز سے ہوا تھا کہ دورے کے مخالف شدت پسندوں نے انڈین کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کی پچ کھود دی تھی اور پاکستانی کرکٹرز کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

پاکستانی ٹیم کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت اس وقت مشکوک ہو گئی تھی جب ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ میں پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش ویربہادرا سنگھ نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم میچ میں سیکیورٹی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ ٹی 20: پاکستانی سیکیورٹی وفد انڈیا جائے گا

وزیر اعظم پاکستان نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم بھیجنے سے قبل سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وفد ہندوستان بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔