2018 تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائےگا: وزیراعظم
چکوال: وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ اڑھائی سال میں پاکستان نے بہت سی مشکلات پرقابو پالیا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان تمام چیلنجز سے نمٹ کرخوشحال ملک بن جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق چکوال کے گاؤں بھربر میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے پاکستان آگے بڑھے، ترقی کرے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو۔
مزید پڑھیں: '2017-2018 تک لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے'
انہوں نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ 2018 تک جب ہماری حکومت کی مدت ختم ہوگی تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکا ہوگا۔
نوازشریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کسان ترقی کرے، زمیندار ترقی کریں ،حکومت ان کیساتھ کھڑی ہوکران کے حالات ٹھیک کرنے میں مدد کرے اسی طرح عام آدمی کی حالت بھی بہترہونی چاہیے اور اس کیلئے ہم دن رات کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ مشکلات سے باہر نکل رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنی تمام مشکلات پر قابو پالے گا اور ایک خوشحال ملک بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ بھربر اور چکوال کے عوام نے مسلم لیگ ن کو جو مینڈیٹ دیا اس پروہ عوام کے مشکور ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ وہ عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے بھربرمیں بجلی کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا اورعوام کو یقین دلایا کہ انہیں بجلی فراہمی کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔