شرمین عبید چنائے کے نام ایک اور آسکر ایوارڈ
لاس اینجلس: پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر اکیڈی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
88ویں آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی۔
شرمین عبید چنائے کو ’بیسٹ شارٹ ڈاکیو مینٹری‘ کی کیٹیگری میں غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکیو مینٹری ’اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس‘ پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
شرمین نے اپنے دوسرے آسکر ایوارڈ کو اسٹیج پر وصول کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس فلم کو اس مقام تک پہنچانے میں ان کی مدد کی۔
شرمین کا کہنا تھا ’میری فلم دیکھنے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد غیرت کے نام پر قتل کرنے جیسے مسئلے پر قانون سازی کریں گے اور یہ اس فلم کی طاقت ہے‘۔
تقریب کے دوران شرمین عبید پاکستانی ڈیزائنر ثناء سفیناز کے ڈیزائن کردہ جوڑے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔
پاکستان کے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور دیگر حکومتی شخصیات نے شرمین عبید چنائے کو دوسرا آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور حکومت ایسے ظالمانہ اقدام کو روکنے کے لئے قانون سازی کررہی ہے۔