لائف اسٹائل

کپل شرما کی شاندار انداز سے واپسی

ایک خبر کے مطابق کامیڈین کپل شرما کے نئے کامیڈی شو کے پہلے پرومو پر 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

ہندوستانی کامیڈین کپل شرما کلرز ٹی وی پر اپنے شو کامیڈی نائٹس ود کپل بند ہونے کے بعد اب سونی چینل پر ایک نئے شو کامیڈی اسٹائل کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر دوبارہ جلوہ گر ہوں گے۔

اس حوالے سے بولی وڈ لائف کی ایک خبر کے مطابق کپل شرما کے اس نئے کامیڈی شو کے پرومو کی تیاری پر چینل نے 50 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: کپل شرما کا نیا کامیڈی شو اب 'سونی' پر؟

کپل شرما کے مداح ان کے مزاحیہ انداز کی وجہ سے ٹی وی پر ان کی کمی محسوس کر رہے ہیں اور اس خبر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ شو یقیناً بڑے پیمانے پر بنایا جارہا ہے۔

اس پرومو میں کپل شرما اور ان کی کامیڈی نائٹس ود کپل کی مکمل ٹیم ایک ہیلی کاپٹر میں سفر کرتی نظر آئے گی۔

کپل شرما کا ایک انٹرویو میں اپنے نئے شو کے پرومو کے حوالے سے کہنا تھا ’میں نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹریلر میں کچھ اسٹائلش نظر آئیں لیکن 15 سیکنڈز کے بعد ہم رکشہ میں اپنے سیٹ پر واپس آجائیں گے‘۔

شو سے جڑے ایک ممبر نے انکشاف کیا ہے کہ چینل اس شو کو کامیاب بنانے کے لیے بہت محنت کر رہا ہے اور اس سلسلے میں پرومو پر تقریباً 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کپل-کرشنا اختلاف کامیڈی نائٹس کے اختتام کی وجہ؟

کپل شرما اس سے قبل کلرز کا شو کامیڈی نائٹس ود کپل کی میزبانی کررہے تھے تاہم چینل انتظامیہ کے ساتھ ان بن کے باعث اس شو میں میزبان کرشنا ابھیشیک نے ان کی جگہ لے لی۔

واضح رہے کہ کپل کے کامیڈی نائٹس شو کو خیرباد کہنے کے بعد چینل کے سی ای او راج نائیک کا کہنا تھا، ’کامیڈی نائٹس چینل کی ملکیت ہے اور وہ اسی طرح جاری رہے گا۔ میں اپنے دوست کپل کو جاتے دیکھ کر کافی دکھی ہوں۔ ایک ساتھ مل کر ہماری ٹیم نے شو پر جادو بکھیر دیا تھا۔ کپل باصلاحیت ہونے کے ساتھ ایک اچھا انسان بھی ہے،لیکن جہاں تک شو کی بات ہے تو یہ جاری رہے گا‘۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان 'کامیڈی نائٹس ود کپل' بند ہونے پر افسردہ

تاہم کپل کے مداح شو سے ان کی غیر موجودگی پر خوش نہیں تھے اور انھوں نے اس حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا، جس میں کپل کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا اور اب کپل جلد ہی سونی کے اس شو سے واپسی اپنے مداحوں کا دل جیتنے کے لیے آرہے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔