'احتساب کا معیار دوہرا نہیں ہونا چاہیئے'
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ احتساب کا معیار دوہرا نہیں ہونا چاہئیے، اگر ایک کا احتساب کرنا ہے تو سب کا کرنا ہوگا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیر تربیت افسران کی گریجویشن تقریب سے خطاب کے دوران چئیرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، احتساب ہو تو سب کا ہو۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ احتساب کا دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیئے، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، اگر امیر اور غریب کے لیے الگ قانون ہوگا تو احتساب کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ احتساب کے بغیر کوئی چارہ نہیں، کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کی نیب کے ہاتھ باندھنے کی دھمکی
انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کے معاملات میں شفافیت لائی گئی ہے اور ارکان سینیٹ کی تنخواہوں، حاضری اور مالی امور کی تفصیل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں احتساب کے حوالے سے اُس وقت بحث شروع ہوئی تھی جب نیب کی جانب سے ممکنہ طور پر پنجاب میں کارروائی کی اطلاعات پر وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں نیب پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کرپشن کے خلاف جنگ کے نام پر سیاستدانوں کو ہراساں کر رہا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو حکومت نیب کے خلاف کارروائی کرے گی۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی نیب پر تنقید: اپوزیشن کا سخت ردعمل
وزیراعظم کے اس بیان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا، حزب اختلاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نیب چیئرمین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر وزیر اعظم نے وہ تمام اخلاقی حدیں پار کرلیں، جن کا انہیں بطور ملک کے چیف ایگزیکٹیو خیال رکھنا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ 8 ماہ قبل سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے 150 میگا کرپشن کیسز سے متعلق فہرست جمع کروائی گئی تھی جس میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے نام بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کی تنقید: نیب کا کوتاہیوں کا اعتراف
وزیر اعظم نواز شریف کا بیان سامنے آنے کے بعد نیب کے ترجمان نوازش علی عاصم نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ادارہ وزیر اعظم کے بیان کا احترام کرتا ہے اور ان کی تجاویز و ہدایات کی روشنی میں احتسابی عمل کو بہتر بنایا جائے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔