کھیل

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پہلی مرتبہ خواتین امپائرز

رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ ہو گی جہاں پہلی مرتبہ خواتین انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کریں گی۔

نئی دہلی: رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ ہو گی جہاں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں خواتین میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیتی نظر آئیں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ ہندوستان میں شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں امپائرز کی فہرست میں دو خواتین کو بھی شامل کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی کیتھلین کراس چنئی میں پاکستان اور بنگلہ یدش کی ویمن ٹیموں کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر نئی تاریخ رقم کر دیں گی، ان کے ساتھ ہندوستان کے انیل چوہدری 16 مارچ کے میچ میں امپائرنگ کریں گے۔

دو دن بعد آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کلیئر پولوسک نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان میچ میں یہ کارنامہ انجام دیں گی جبکہ موہالی میں ہونے والے اس میچ میں ان کے ساتھ ونیت کلکرنی ہوں گے۔

کیتھلین کراس اس سے قبل ورلڈ کوالیفائر مقابلوں میں امپائرنگ کر چکی ہیں اور وہ آئی سی سی پینل کا حصہ بننے والی پہلی خاتون تھیں۔

یہ جوڑی آٹھ مارچ سے تین اپریل تک ہندوستان میں جاری رہنے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فرائض انجام دینے 31 آفیشلز کی ٹیم کا حصہ ہو گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔