پاکستان

زرداری جنرل راحیل کے ریٹائرمنٹ اعلان سے مایوس

قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے اعلان سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، زرداری۔

دبئی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان قبل از وقت ہے اور اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاریخ کے اس اہم موڑ پر ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے لوگوں کی امیدیں مایوسی میں بدل جائیں گی ،کیونکہ داخلی اور بیرونی عناصر ملک کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہے ہیں۔

منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی پرخلوص اور پرعزم جدوجہد ملکی استحکام کی ضامن ہے۔

’پی پی پی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور قربانیاں پیش کرنے پرانہیں سلام پیش کرتی ہے‘۔

زرداری کے مطابق، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد اور پرامید ہے کہ یہ جنگ جنرل راحیل کی سربراہی میں منطقی انجام تک پہنچے گی۔

خیال رہے کہ زرداری نے گزشتہ سال جون میں سخت تقریر کرتے ہوئے فوج کو ’اپنی حدود سے باہر نکلنے‘ پر خبردار کیا تھا۔

سابق صدر ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ فوجی سربراہان تین سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد گھر چلے جاتے ہیں لیکن سیاسی قیادت وہیں رہتی ہے۔

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا ’ہم ملکی امور کو چلانا جانتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ ملکی اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہتے لیکن ’انہیں (اسٹیبلشمنٹ) کو بھی چاہیے کہ وہ سیاست دانوں کیلئے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔