پاکستان

کراچی: پولیس مقابلے میں 12 'عسکریت پسند' ہلاک

ہلاک ہونے والے مبینہ عسکریت پسندوں کا تعلق لشکر جھنگوی اور القاعدہ سے تھا، پولیس کا دعویٰ۔

کراچی: پولیس نے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق آٹھ عسکریت پسندوں کو پپری جبکہ چار کو گڈاپ میں مقابلے کے دوران ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس انٹیلیجنس ایجنسیوں کی رپورٹ کی روشنی میں چھاپے مارے جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔

راؤ انوار نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کا تعلق القاعدہ برصغیر اور لشکر جھنگوی سے ہے اور وہ شہر میں پولیس اہلکاروں اور دیگر واقعات میں مطلوب تھے۔

پولیس نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دھماکا خیز مواد، ہتھیار اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے پانچ کی شناخت سہیل، خلیل، بلال، طلحہٰ اور عبد السلام کے نام سے ہوئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔