پاکستان

شرمین عبید کے اقدامات قابل ستائش ہیں،وزیر اعظم

دستاویزی فلم کی وزیراعظم ہاؤس میں رونمائی غیرت کے نام پرقتل کرنے جیسے مسئلے کے حل کیلئے حکومتی عزم کی عکاس ہے،نواز شریف
|

وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ پاکستان کی بیٹی نے فلم سازی کے میدان میں نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے.

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں معروف فلم ساز شرمین عبید چنائے کی آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد دستاویزی فلم ' اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس' کی اسکریننگ کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دستاویزی فلم کی رونمائی غیرت کے نام پر قتل کے مسئلے کے حل کے لیے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔

نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرمین عبید کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور انہیں فخر ہے کہ پاکستان کی بیٹی نے فلم سازی کے میدان میں نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے۔

مزید پڑھیں: شرمین عبید کی فلم کی وزیراعظم ہاؤس میں اسکریننگ

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال عزت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جن میں سے بیشتر کو خاندان کے افراد کی جانب سے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا یے.

اس حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا اسلام عورتوں کے حقوق پر خصوصی توجہ کا درس دیتا ہے اور پاکستان میں عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شرمین عبید چنائے کی ڈاکومینٹری آسکر کے لیے نامزد

واضح رہے کہ ' اے گرل ان دی ریور : دی پرائس آف فورگیونس' شرمین عبید چنائے فلمز اور ہوم باکس آفس (ایچ بی او) کی مشترکہ پروڈکشن ہے، جس میں ایک 18 سالہ لڑکی کی زندگی کا احوال بیان کیا گیا جو عزت کے نام پر قتل کی کوشش میں بچ جاتی ہے۔

اس فلم کو 88 ویں آسکر ایوارڈز کی ' بیسٹ شارٹ ڈاکو مینٹری' کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے.

فلم سے لیا گیا ایک اسٹل

وزیراعظم ہاؤس میں فلم کی اسکریننگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شرمین عبید چنائے نے وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا.

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پرقتل کے خلاف شرمین عبید کی مہم

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں سچ بولنا نہایت مشکل کام ہے لیکن ان کے والد نے انہیں ہمیشہ سچ بولنا سکھایا ہے۔

شرمین نے اس موقع پر اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں آئندہ کوئی بیٹی غیرت کی بھینٹ نہیں چڑھے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.