شام: داعش کے حملوں میں 150 سے زائد ہلاکتیں
سیدہ زینبؓ کے مزار کے قریب 2 خودکش حملوں اور حمص میں 2 کار بم دھماکوں میں بچوں سمیت 170 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے.
دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق اور حمص میں یکے بعد دیگرے خودکش بم دھماکوں میں 150 سے زائد افراد ہلاک اور 170 سے زائد ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے شامی مبصر گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دمشق کے قریب کار بم دھماکے کے بعد یکے بعد دیگرے حضرت زینبؓ کے مزار کے قریب دو خودکش حملوں میں 96 افراد ہلاک ہوئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ثنا' نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خوش حملوں اور بم دھماکے میں بچوں سمیت 178 افراد زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ ماہ ہونے والے حملے میں بھی 70 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔