پاکستان

ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ریفرنس کی منظوری

ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف پیر کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے گا، ترجمان نیب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس اور ایک دوسرے اسکینڈل میں تحقیقات کی منظوری دے دی۔

ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس اور تحقیقات کی منظوری چیئرمین قمر زمان چوہدری کی سربراہی میں نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔

ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس آئندہ پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

نیب کے ترجمان نوازش عاصم نے اس حوالے سے کہا کہ ادارے نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف زمینوں کی الاٹمنٹ میں جعل سازی، زمینوں کی غیر قانونی منتقلی، قدرتی گیس کے کوٹے کی غیر منصفانہ تقسیم اور منی لانڈرنگ کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب نے ڈاکٹر عاصم، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے تین سابق مینیجنگ ڈائریکٹرز اور موجودہ ایم ڈی کے خلاف 10 ارب روپے کے فنڈز میں خورد برد کے ایک اور اسکینڈل میں تحقیقات کی منظوری بھی دی۔

نیب کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر عاصم، ایس ایس جی سی کے سابق مینیجنگ ڈائریکٹرز عظیم اقبال صدیقی، زہیر احمد صدیقی، شعیب وارثی، موجودہ ایم ڈی خالد رحمان اور دیگر پر ایس ایس جی سی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے فنڈز میں خورد برد کرکے جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (جے جے وی ایل) کو غیر قانونی طور پر فوائد دینے کا الزام ہے۔

نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کنسلٹنٹ کے نذیر عباس اور دیگر کے خلاف آسٹریلین ہائی کمیشن کی شکایت پر تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

کمپنی پر طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا کے ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر 70 کروڑ روپے سے زائد رقم بٹورنے کا الزام ہے۔

اجلاس نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے افسر اور نجی فرم ’سراج‘ کے مالک اشفاق جمانی اور دیگر افسران کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ’سراج‘ کو کنٹریکٹ دے کر قومی خزانے کو 9 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام کی تحقیقات کی بھی منظوری دی۔

نیب نے سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو کراچی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی سردار آصف نکئی کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ ڈائیوو پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے ایچ کِم کے خلاف شکایت بند کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ خبر 20 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.