پاکستان

ایف آئی اے کارروائیوں پر عدالتی کمیشن کی پیشکش

آصف زرداری نےسندھ میں ایف آئی اے کی کارروائیوں پر تحفظات ظاہر کیے تھے، وزیر داخلہ تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کو تیار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے سندھ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی کارروائیوں کے حوالے سے کیے گئے 'شکوے' کے جواب میں اعلیٰ عدالتی کمیشن بنانے کی پیشکش کردی.

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ممکنہ طور پر پنجاب حکومت کو احتساب عمل کا نشانہ بنائے جانے پر گذشتہ روز اپنے بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے بیورو کو خبردار کیا تھا کہ وہ محتاط رہتے ہوئے کام کرے بصورت دیگر ان کے ہاتھ باندھے جاسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم کی نیب کے ہاتھ باندھنے کی دھمکی

وزیراعظم نواز شریف کے مذکورہ بیان پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ بھی کچھ اسی طرح کا رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'میاں صاحب، صرف نیب ہی نہیں آپ کی ایف آئی اے بھی یہی کام کررہی ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے کرپشن نہیں کی اور آپ کے ایک وزیر بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں'۔

واضح رہے کہ سابق مشیر پیٹرولیم اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کرپشن اور اپنے ہسپتال (ضیاء الدین ہسپتال) میں سیاسی تنظیموں کے دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں زیرِ تفتیش ہیں.

آصف علی زرداری کے اس بیان پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'اگر زرداری صاحب چاہیں تو میں گزشتہ ڈھائی سال میں ایف آئی اے کے کردار اور کارکردگی پر اعلی عدالتی کمیشن بنوانے کے لیے تیار ہوں'.

چوہدری نثار کا کہنا تھا، 'میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اپنے دورِ اقتدار میں نہ تو میں نے ایف آئی اے کو کسی ذاتی، سیاسی یا غیر قانونی کام کے لیے استعمال کیا اور نہ ہی کسی بھی طرف سے کوئی بیرونی دباﺅ یا مداخلت کو خاطر میں لانے کی اجازت دی.'

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایف آئی اے سمیت اپنے ماتحت تمام اداروں کو صرف اور صرف اللہ تعالی کا خوف، انصاف اور قانون کی پاسداری کی تلقین کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کے نہیں ریاست کے ملازم ہیں.'

ایف آئی اے کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں میں ایف آئی اے نے صرف اینٹی کرپشن کی مد میں قومی خزانے کو 14.6 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا ہے جبکہ گزشتہ سالوں میں یہ رقم محض کروڑوں میں ہوتی تھی.

انھوں نے مزید کہا کہ وہ آصف زرداری سمیت سب کو یہ یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ 'جب تک میں وزیر داخلہ ہوں، ایف آئی اے کسی بے گناہ یا غیر متعلقہ شخص یا کسی بھی سیاسی حریف کے خلاف استعمال نہیں ہو گی.'

ساتھ ہی انھوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ایف آئی اے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی اور اس حوالے سے ہم ایف آئی اے کے تمام کیسز کی عدالتی سکروٹنی اور چھان بین کرانے کو تیار ہیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔