کراچی: القاعدہ سے منسلک 'دہشت گرد ڈاکٹر' گرفتار
ڈاکٹرمحمد عثمان خان القاعدہ سےمنسلک ہونے کےعلاوہ سانحہ صفورہ کےماسٹر مائنڈ سعد عزیز سے بھی رابطے میں تھا، پولیس کا دعویٰ
کراچی: سندھ پولیس نے ایک دانتوں کے ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیاہے کہ ڈاکٹر عثمان القاعدہ سے منسلک تھا جبکہ اس کا صفورہ گوٹھ کے پاس بس میں 43 افراد کو قتل کرنے والے گروہ کے ماسٹر مائنڈ سے بھی رابطہ تھا۔
کراچی میں پریڈی تھانے کی حدود سے گرفتار مبینہ دہشت گرد محمد عثمان خان پیشے کے لحاظ سے دانتوں کا ڈاکٹر ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کا سانحہ صفورا کے مرکزی کرداروں سے بھی رابطہ تھا اور اس نے مختلف موقعوں پر مرکزی ملزمان سعد عزیز اور اس کے ساتھیوں کو معاونت بھی فراہم کی۔