پاکستان

نامور موسیقار روبن گھوش انتقال کرگئے

روبن گھوش کا انتقال 76 سال کی عمر میں ڈھاکا میں ہوا، وہ اداکارہ شبنم کے شوہر تھے.

ڈھاکا: برصغیر کے نامور موسیقار روبن گھوش طویل علالت کے بعد 76 برس کی عمر میں ڈھاکا میں انتقال کر گئے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق موسیقار روبن گھوش طویل عرصے سے بیمار تھے۔

روبن گھوش پاکستان کی نامور فلم اداکارہ شبنم کے شوہر تھے، اس جوڑے کا شمار فلمی دنیا کی بہترین اور کامیاب جوڑیوں میں کیا جاتا رہا ہے۔

وہ اپنی اہلیہ شبنم کے ہمراہ 1996 میں بنگلہ دیش منتقل ہو گئے تھے اور تقریباً تیرہ سال بعد 2012 میں پاکستان واپس آئے۔

نامور موسیقار وزیر افضل کا ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روبن گھوش کا انتقال پاکستانی صنعت کا نقصان ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں کافی ہِٹ کام کیا.

ان کا مزید کہنا تھا کہ روبن دھیمی طبعیت کے مالک تھے اور انہیں بہت کم غصہ آتا تھا۔

روبن گھوش نے 1961 میں بنگالی فلموں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور دس سال بعد مقبول فلم ’چندا‘ سے اردو فلموں میں شمولیت اختیار کی۔

’احساس‘، ’امنگ‘، ’چکوری‘، ’چاہت‘ ، ’شرافت‘، ’تلاش‘، ’بندش‘ جیسی کئی کامیاب فلموں کو روبن گھوش نے اپنی موسیقی سے سنوارا لیکن فلم 'آئینہ' نے انہیں مقبولیت کے آسمانوں پر پہنچا دیا.

روبن گھوش نے پاکستان میں آخری فلم ’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘ کی موسیقی ترتیب دی تھی۔

انھیں پاکستان میں فلموں کے سب سے معتبر 6 نگار ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔