آئن اسٹائن تھیوری کی تصدیق میں پاکستانی نژاد سائنسدان کا کردار
کراچی میں پیدا ہونے والی آسٹروفزسٹ اور میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے شعبہ طبیعیات کی ایسوسی ایٹ ڈپارٹمنٹ ہیڈ نرگس ماول والا بھی سائنسدانوں کے اُس گروپ میں شامل ہیں، جنھوں نے خلاء میں کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی کا اعلان کیا.
گذشتہ 20 سال سے اس شعبے سے وابستہ ماول والا کی خدمات تحقیق کے میدان میں شاندار ہیں، وہ 2002 سے ایم آئی ٹی سے منسلک ہیں.
ماول والا نے ویلزلے کالج سے 1990 میں بی اے کیا اور 1997 میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کیا.
اس سے قبل انھوں نے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) میں پوسٹ ڈاکٹورل ایسوسی ایٹ اور ریسرچ سائنسدان کی حیثیت سے کام کیا.
ماول والا، Laser Interferometer Gravitational-Wave Observatory (لیگو) سے ایم آئی ٹی میں اپنے ابتدائی سالوں کے دوران منسلک ہوئیں، ان کی ابتدائی تحقیق انٹرفیرومیٹرک کشش ثقل کی لہروں کی دریافت کے لیے آلات بنانے سے متعلق تھی.
انھیں 2010 میں میک آرتھر فاؤنڈیشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا.