پاکستان

اسلام آباد کی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک

سیکیورٹی چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے فائرنگ کردی، پولیس ترجمان

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ دارالحکومت کے مضافات میں ہوا جہاں پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس ضیاء القمر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ شروع کردی جس کے باعث ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

قمر کے مطابق واقعے میں ایک اور پولیس اہلکار اور ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈان نیوز نے اپنی رپورٹ میں پولیس اہلکاروں کو ہیڈ کانسٹیبل امتیاز اور پولیس اہلکار زاہد اور ایف سی اہلکار بسم اللہ خان کے نام سے شناخت کیا ہے۔

زخمی اہلکاروں کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ انہیں تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔