کھیل

ہندوستان کی اسد رؤف پر پانچ سال کی پابندی

ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی امپائر اسد رؤف پر کرپش اور خراب رویے کے الزام میں پانچ سال کی پابندی عائد کر دی۔

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی امپائر اسد رؤف پر کرپشن اور خراب رویے کے الزام میں پانچ سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

اس پابندی کے بعد اب اسد رؤف بی سی سی آئی یا اس سے منسلک کسی بھی طرز کی کرکٹ میں کھیلنے یا امپائرنگ کے اہل نہیں رہے۔

اسد رؤف کا نام انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) 2013 کے بیٹنگ اسکینڈل میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں 'مطلوب ملزمان' کی فہرست میں شامل تھا جہاں وہ آئی پی ایل کے دوران ہی ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے تھے حالانکہ ممبئی پولیس ان سے ذاتی طور پر پوچھ گچھ کرنا چاہتی تھی۔

اس دوران ہندوستانی میڈیا نے اسد پر ماڈل اور ہندوستانی اداکارہ وندو دارا سنگھ سے روابط کا الزام عائد کیا تھا جنہیں بکیز، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان رابطے کے لیے کردار ادا کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم پاکستانی امپائر نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا.

بی سی سی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی نے جمعے کو اجلاس کے دوران اسد رؤف کو بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی مختلف شقوں کے تحت کرپشن اور خراب رویے کا مرتکب قرار پایا۔

اسد رؤف کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے اور اس کے بجائے 15 جنوری کو ابتدائی طور پر جواب جمع کرانے کے بعد آٹھ فروری کو تحریری طور پر تفصیلی جواب جمع کرایا اور پابندی لگانے سے قبل تحقیقاتی کمشنر نے ان کے ان بیانات کا جائزہ لیا۔

پاکستانی امپائر نے اپنے بیان میں مبینہ طور پر ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مئی 213 میں آئی پی ایل کے دوران ہی ہندوستان چھوڑنے کے بعد انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا تھا کہ وہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث نہیں ہیں۔

وہ انگلینڈ میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی میں اپنی ذمے داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے بھی نکال دیا گیا تاہم آئی سی سی نے واضح کیا تھا کہ انہیں کرپشن اسکینڈل کی بنیاد پر پینل سے نہیں نکالا گیا۔

اسد رؤف نے 2000 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے عالمی سطح پر امپائرنگ ڈیبیو کیا جبکہ 2006 میں انہیں آئی سی سی ایلیٹ پینل کا حصہ بنایا گیا۔

وہ اب تک 49 ٹیسٹ، 98 ایک روزہ اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز رکھتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔