پاکستان

ژوب: فورسز سے مقابلے میں 2 'عسکریت پسند' ہلاک

پاک-افغان سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں نے ان پر حملہ کیا، ایف سی ترجمان

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مسلح مقابلے میں 2 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ترجمان کے مطابق پیرا ملٹری فورسز اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاک-افغان سرحدی علاقے میں ایک آپریشن کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھاری ہتھیاروں سے مقابلے کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے'۔

ایف سی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے قبضے سے دو سب مشین گنیں اور دو دستی بم بھی برآمد ہوئے.

پاکستانی کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے ایف سی ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقابلہ اُس وقت شروع ہوا جب عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

خیال رہے کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والے دونوں مشتبہ افراد کا تعلق کس گروپ سے تھا۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ خبر 9 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔