کھیل

لاہور قلندرز نے ناقابل شکست کوئٹہ کو زیر کرلیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کرلی، عمراکمل نے 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی.

دبئی: لاہور قلندرز نے عمر اکمل اورکیمرون ڈیل پورٹ کی جارحانہ بیٹنگ اور ظفر گوہر کی بہترین باؤلنگ کے بدولت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی.

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیل کی غیر موجودگی میں کیمرون ڈیل پورٹ نے کپتان اظہر علی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور 62 رنز کا عمدہ شراکت قائم کی.

اظہر علی دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر آؤٹ ہوئے.

عمر اکمل اور ڈیل پورٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں قلندرز کا اسکور 157 رنز تک پہنچایا تو ڈیل پورٹ 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز 8 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل تھی.

عمر اکمل آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنھوں نے لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کلیدی کردار ادا کیا اور 93 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے ان کی اننگز 6 چوکوں اور 8 چھکوں سے مزین تھی.

کوئٹہ کی جانب سے عمر گل، ذوالفقار بابر اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آغاز سے ہی مشکل میں دکھائی دیے، احمد شہزاد، لیوک رائٹ اور کیون پیٹرسن 37 کے مجموعے میں پویلین واپس جا چکے تھے.

کپتان سرفراز احمد اور آل راؤنڈر محمد نواز نے کوئٹہ کا اسکور 111 رنز تک پہنچایا لیکن کپتان مزید دیر کریز پر نہیں ٹھہر سکے اور 31 رنز بنا کر ذوہیب خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ ہوئے.

محمد نواز سب سے زیادہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھیں بھی محمدرضوان نے اسٹمپ آؤٹ کیا لیکن اس دفعہ باؤلر اجنتھا مینڈس تھے.ان کے آؤٹ ہوتے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے.

محمد نبی 6، ایلٹن چیگمبرا، اکبر رحمٰن اور انور علی 3،3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمر گل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ذوالفقار بابر ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے.

لاہور قلندرز کی جانب سے ظفر گوہر نے 4 وکٹیں حاصل کیں. اجنتھامینڈس کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں.

عمر اکمل کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

لاہور قلندرز کی پی ایس ایل کے ابتدائی تین میچوں میں یہ پہلی فتح ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو مسلسل دو کامیابیوں کے بعد پہلی دفعہ شکست کا سامنا کرنا پڑا.

قبل ازیں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف میچ کے لیے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر کرس گیل کو ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے.

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اپنی گزشتہ میچوں کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔