کھیل

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی میچز نیوٹرل وینو پر کروانے کی تجویز

ہندوستان میں عالمی ٹی ٹوئنٹی میں شرکت حکومتی اجازت کے بعد ہی ممکن ہوگی، پی سی بی چیئرمین شہریار خان

**لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں عالمی ٹی ٹوئنٹی میں شرکت حکومتی اجازت کے بعد ہی ممکن ہوگی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو نیوٹرل وینو پر کھیلنے کی تجویز دی ہے.

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا 'ہم نے آئی سی سی کو پہلے بھی اور اب بھی کہا ہے کہ (ہندوستان جانے کا) فیصلہ حکومت کو کرنا ہے جو اس بات پر غور کرے گی کہ وہاں پاکستان سے متعلق کوئی خطرہ موجود ہے یا نہیں.'

شہریار خان نے بتایا کہ یہ تجویز آئی سی سی کو گزشتہ ہفتے کے آئی سی سی بورڈ اجلاس کے دوران دی گئی.

اس موقع پر شہریار خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم شامل کرنے کا اعلان بھی کیا۔**

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل میں 5 ٹیمیں ہیں لیکن آئندہ 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔

تاہم انہوں نے اس ٹیم کے نام کا اعلان نہیں کیا.

مزید پڑھیں: ’پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کیلئے لانچنگ پیڈ‘

کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے رومان رئیس، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز اور پشاور زلمی کے محمد اصغر جیسے اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔

آل راؤنڈر نواز کی اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل میچز میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے اور انہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

اس کے علاوہ محمد اصغر اور رومن رئیس کی کارکردگی بھی شاندار رہی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل افتتاح : پاکستانی اداکاروں کا جوش

محمد اصغر کو زمبابوے کے سابق کپتان اور انگلینڈ کے کوچ رہنے والے اینڈی فلاور نے مستقبل کا کھلاڑی قرار دیا تھا۔

اصغر اپنی ٹیم کی اب تک دو فتوحات میں آٹھ اوورز میں 31 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر چکےہیں۔

شہریار خان نے ٹورنامنٹ کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پی ایس ایل اخراجات پورے کرے گی جبکہ آئندہ سال اس کا بھرپور فائدہ ہوگا۔

پی سی بی چیئرمین کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان سپر لیگ کا ایم سی ایل سے موازنہ درست نہیں'

پی ایس ایل میں 69 مقامی اور کرس گیل، ڈیرن سیمی، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سمیت 29 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

چار فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا انعقاد متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر ہو رہا ہے جو 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان کا عارضی ہوم گراؤنڈ بنا ہوا ہے۔

پی سی بی کے حکام نے پانچ فرنچائز ٹیموں کو 93ملین ڈالر میں دس سال کیلئے فروخت کیا ہے جہاں ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک ملین ڈالر کی رقم دی جائے گی۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ سال کے ایڈیشن میں پی ایس ایل کے دو یا تین میچز کا انعقاد پاکستان میں کروایا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔