پاکستان کی پہلی پروفیشنل ہاکی لیگ کے انعقاد کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری شہبازاحمد نے رواں سال نومبر میں ملکی تاریخ کی پہلی پروفیشنل ڈومیسٹک ہاکی لیگ منعقد کرانے کا اعلان کردیا جس میں ہندوستان سمیت دنیا کے بہترین کھلاڑی حصہ لیں گے۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کو شہباز احمد نے کہا کہ"ملک کی پہلی پروفیشنل ڈومیسٹک ہاکی لیگ کے انعقاد کے لیے کام کا آغاز ہو گیا ہے اور امید ہے کہ اس مہینے کے آخر یا مارچ کے اوائل میں اس کو حتمی شکل دی جائے گی"۔
شہباز احمد کا ماننا ہے کہ لیگ کے انعقاد سے پاکستان ہاکی کا سنہرا ماضی واپس آسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیگ ہاکی کی عظمت کو واپس دلانے میں سنگ میل ثابت ہوگی اور عالمی طور پر ہماری حکمرانی کو دوبارہ دلانے میں مددگار ثابت ہو گی.
سابق اولمپیئن کا کہنا تھا کہ ہمیں دوبارہ تعمیر شروع کرنا ہوگی اور یہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کے کچھ بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ایک سرگرم لیگ کا پلیٹ فارم مہیا کر کے کیا جا سکتا ہے۔
لیگ کی انعامی رقم سمیت دیگر تفصیلات سے آگاہ کئے بغیر شہباز کا کہنا تھا کہ دنیا کے بہترین ہاکی کھلاڑیوں کو لیگ میں خوش آمدید کہا جائے گا تاہم وہ لیگ کے پہلے سیزن میں یورپی ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے زیادہ پرامید نظر نہیں آئے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم ہر ملک کے بہترین کھلاڑیوں کو مدعو کریں گے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ افتتاحی سیزن میں کوئی یورپی کھلاڑی شرکت کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے چار یا پانچ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے دعوت دی جائے گی۔
"مجھے پورا اعتماد ہے کہ ابتدائی طورپر ہندوستانی کھلاڑیوں سمیت ملائیشیا، کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک کے کھلاڑی لیگ میں شرکت کریں گے"۔
شہباز نے واضح کیا کہ وہ اور پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر خالد کھوکھر جنوبی ایشائی گیمز کے کسی میچ کو دیکھنے ہندوستان نہیں جائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہندوستان ہاکی کے حکام کے ساتھ بہترین تعلقات ہونے چاہئیں لیکن حال ہی میں ہوئے کچھ واقعات کو ذہن میں رکھنا چاہیے، میں نہیں سمجھتا کہ یہ ان سے ملنے کا مناسب وقت ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔