کھیل

’پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کیلئے لانچنگ پیڈ‘

لیگ سے نوجوان کھلاڑیوں کو اُسی طرح مدد ملے گی جس طرح ہندوستانیوں نے آئی پی ایل سے فائدہ اٹھایا، اینڈی فلاور.

دبئی: زمبابوے کے سابق کپتان اور انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے نوجوان کھلاڑیوں کو اُسی طرح مدد ملے گی جس طرح ہندوستانیوں نے آئی پی ایل سے فائدہ اٹھایا۔

انگلینڈ کی نوجوان ٹیم کے امور سنبھالنے والے اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ47 سالہ فلاور کہتے ہیں ’میرے خیال میں پی ایس ایل پاکستانی نوجوانوں کیلئے بہت اچھا ٹورنامنٹ ہے‘۔

’لیگ میں شامل پانچوں ٹیمیں شاندار ہیں اور ہمیں اگلے دو ہفتوں میں عمدہ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی‘۔

فلاور کے مطابق، اب تک ہونے والے میچوں میں کچھ اچھی پرفارمنس دیکھنے کو ملیں اور یہاں بہت ٹیلنٹ ہے۔

پی ایس ایل میں 69 مقامی اور کرس گیل، ڈیرن سیمی، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سمیت 29 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

زمبابوے کیلئے 63 ٹیسٹ اور 213 ون ڈے میچ کھیلنے والے فلاور نے لیگ کو پی سی بی کا دلچسپ قدم قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کرکٹ کیلئے اہم قرار دیا۔

’پی ایس ایل ابھرتے ہوئے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ایک لانچنگ پیڈ ہے۔نوجوان کھلاڑی جہاں غیر ملکی کھلاڑیوں کے تجربات سے سیکھیں گے ، وہیں انہیں اکھٹے ایک ڈریسنگ روم شیئر کرنے سے اعتماد ملے گا‘۔

انہوں نے پشاور کے اسپنر محمد اصغر کو مستقبل کا کھلاڑی قرار دیا۔

اصغر اپنی ٹیم کی اب تک دو فتوحات میں آٹھ اوورز میں 31 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر چکےہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔