کھیل

اسلام آباد کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلی فتح

پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے دی.

دبئی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے زیر کر کے ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی.

کراچی کی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی.

اسلام باد یونائیٹڈ کے اوپنرز شین واٹسن اور شرجیل خان نے ٹیم کو چار اوورز میں 31 رنز کا نسبتآ بہتر آغاز فراہم کیا.

پانچویں اوور میں عماد وسیم نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر واٹسن کو چلتا کر دیا.

عمر امین کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے خالد لطیف نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور شرجیل خان کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 55 رنز کی شراکت قائم کی.

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یونائیٹڈ ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دے گا لیکن کراچی کنگز کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کر کے اسلام آباد کے بڑے اسکور کے ارمان خاک میں ملا دیے.

شرجیل خان 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو اسلام آباد کی رنز بنانے کی رفتار سست ہو گئی، اشعر زیدی چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تاہم یونائیٹڈ کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت پہنچا جب آندرے رسل صرف دو رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے.

دوسرے اینڈ پر موجود خالد لطیف کی ہمت بھی جواب دے گئی اور روی بوپارہ نے ان کی وکٹیں بکھیر کر ان کی اننگ کا خاتمہ کردیا.

سیم بلنگز وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق بھی صرف چار رنز ہی بنا سکے.

اختتامی اوورز میں 20 رنز بنانے والے محمد سمیع کے چند جارحانہ شاٹس سے تقویت پاتے ہوئے اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں اپنا مجموعہ 132 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہی.

کراچی کنگز کے روی بوپارہ دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے.

جواب میں کراچی کنگز کا آغاز تباہ کن تھا اور وہ صرف تین رنز پر دو وکٹیں گنوا چکی تھی.

اس موقع پر عماد وسیم کو ترقی دیتے ہوئے اوپر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا اور انہوں نے یہ فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 29 رنز بٹور کر اسلام آباد کیلئے مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کی.

اس سے قبل کہ عماد مزید خطرناک ثابت ہوتے، آندرے رسل نے سیم بلنگز کی مدد سے انہیں قابو کر لیا جبکہ اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے محمد سمیع نے شعیب ملک کی وکٹیں بکھیر دیں.

چار وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور افتخار احمد وکٹ پر یکجا ہوئے اور 31 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ رنز بنانے کی رفتار تیز نہ کر سکے جس کے سبب درکار رن ریٹ مستقل بڑھتا رہا.

افتخار اور شکیب تیزی سے اسکور کرنے کی کوشش میں وکٹیں گنوا بیٹھے جبکہ سیف اللہ بنگش پہلی گیند پر سعید اجمل کو وکٹ دے بیٹھے.

سہیل تنویر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو کراچی کی ٹیم آٹھ وکتیں گنوا چکی تھی لیکن اس موقع پر اسامہ میر اور روی بوپارہ نے میچ کو سنسنی خیز بناتے ہوئے چند بڑے شاٹس کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کی امید پیدا کی.

کراچی کو میچ کے آخری اوور میں جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر اسامہ رن آؤٹ ہوئے، وائیڈ گیند ہونے کے سبب کراچی کو ایک اضافی رن ملا.

محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن مستقل دو گیندوں پر وہ بوپارہ کو اسٹرائیک دینے میں ناکام رہے.

آخری دو گیندوں پر کراچی کو جیت کیلئے دو رنز درکار تھے اور بوپارہ نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا لیکن شین واٹسن کی آخری گیند کو وہ باؤنڈری کے پار نہ پہنچا سکے اور اسلام آباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے فتح اپنے نام کر لی.

سعید اجمل کو میچ میں تین وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا.

آج کا دوسرا میچ ٹورنامنٹ کی اب تک کی ناقابل شکست ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا.