کھیل

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی.

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لیوک رائٹ اور محمد نواز کی شاندار کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کی کامیابی حاصل کر لی۔

کوئٹہ کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو شروع سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں وکٹیں گنواتی رہی۔

اننگ کے پانچویں اوور کی پہلی گیند شرجیل خان ذوالفقار بابر کو وکٹ دے کر لیگ کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے۔

نئے بلے باز عمر امین کا وکٹ پر قیام محض چار گیندوں پر محیط تھا اور وہ لیوک رائٹ کے شاندار کیچ کے باعث پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے۔شین واٹسن کی 27 گیندوں پر مزاحمت سے بھرپور 15 رنز کی اننگ محمد نواز کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی۔

نواز اس موقع پر بہتریجن فارم میں نظر آئے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنے پر اوور میں ایک وکٹ حاصل کی۔

یونائیٹڈ کی ٹیم 15ویں اوور میں 63 رنز بنا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید وہ سنچری بھی مکمل نہیں کر سکیں گے لیکن مرد مصباھ الحق اور آندرے رسل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کیلئے 27 گیندوں پر 57 رنز کی شراکت قائم کی، مصباح آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جو 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

آندرے رسل نے شاندار بیٹنگ کی اور 19 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 128 رنز بنا سکی، کوئٹہ کے نواز چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے.

کوئٹہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو لیوک رائٹ نے شروع سے یہی جارحانہ انداز اپنا اور احمد شہزاد کے ساتھ ٹیم کو 53 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

احمد شہزاد آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بنانے کے بعد عمران خالد کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

کیون پیٹرسن اور رائٹ نے اسکور کو 73 تک پہنچایا لیکن عمران نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے پیٹرسن کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود رائٹ نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور پی ایس ایل کی پہلی نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے محمد نواز کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 53 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے اولین میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

لیوک رائٹ نے چار چھکوں اور 11 چوکوں سے مزین 82 رنز کی اننگ کھیلی اور ناقابل شکست رہے جبکہ نواز نے 22 رنز بنائے۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ایلٹن چیگم بورا، احمد شہزاد، انور علی، عمر گل، زوالفقار بابر، محمد نواز، محمد نبی اور اکبر الرحمان۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: مصباح الحق (کپتان)، شین واٹسن، اندرے رسل، سیموئل بدری، محمد عرفان، شرجیل خان، بابر اعظم، عمران خالد، عمر امین، رمن رئیس اور سیم بلنگز۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔