کھیل

ہندوستان ہاکی کپتان پر 'جنسی ہراساں' کرنے کا الزام

سردار سنگھ کی منگیتر نے لدھیانہ پولیس کے پاس جسمانی، ذہنی اور جذباتی طورپر ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی.

نئی دہلی: ہندوستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ کے خلاف ان کی منگیتر نے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے پولیس کے پاس شکایت درج کرادی۔

ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی 21 سالہ خاتون ہاکی کھلاڑی اشپال بھوگل نے سردار سنگھ کے خلاف "ذہنی، جسمانی اور جذباتی طورپر ہراساں" کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے لدھیانہ پولیس کے پاس شکایت درج کرادی.

لدھیانہ پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں تحریری شکایت موصول ہوئی، جس پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا، تاہم ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

پولیس کے پاس درج شکایت میں اشپال بھوگل کا کہنا ہے کہ "سردار سنگھ سے ان کی ملاقات لندن اولمپکس کے دوران ہوئی جو بعد میں منگنی کے رشتے میں تبدیل ہوئی اور 2015 میں سنگھ نے حمل ضائع کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جو میرے لیے مشکل فیصلہ تھا"۔

خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ سردار سنگھ نے مذکورہ واقعے کے بعد اُن سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے سردار سنگھ کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت ایک ایسے وقت میں درج کرائی گئی ہے جب ہندوستان میں ریپ کے واقعات پر احتجاج شدت اختیار کررہا ہے، جس سے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان کے کیریئر پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔