صحت

کافی جگر کے امراض سے بچاؤ کے لیے مفید

روزانہ کافی کا استعمال جگر کے سکڑنے کا خطرہ 44 فیصد تک کم کردیتا ہے، طبی تحقیق

روزانہ دو کپ کافی کا استعمال جگر کے امراض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

ساﺅتھ ہیمپٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ کافی کا استعمال جگر کے سکڑنے اور داغ دار ہونے کا خطرہ 44 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران چھ ممالک میں ہونے والی 9 طبی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جس میں پانچ لاکھ مرد و خواتین کا ڈیٹا دیا گیا تھا۔

نتاءجسے معلوم ہوا کہ روزانہ 2 کپ کافی کا استعمال جگر کے سکڑنے یا اس سے موت کا خطرہ کم کردیتا ہے۔

عام طور پر جگر سکڑنے یا داغ دار ہونے کا خطرہ ہیپاٹائٹس سی کے انفیکشن یا الکحل کے استعمال کے باعث ہوتا ہے اور یہ کینسر اور لیور فیلیئر کی طرح جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے جس کے باعث سالانہ 10 لاکھ سے زائد اموات ہوتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ادویات کے برعکس کافی حفاظت فراہم کرنے والا مشروب ہے اور تحقیق کے نتائج جگر کے امراض کے حوالے سے کافی اہم ہیں۔

تحقیق کے مطابق کافی میں ایک ہزار سے زائد اجزا ہوتے ہیں جن میں سے بیشتر حیاتیاتی طر پر متحرک اور انسانی صحت پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل Alimentary Pharmacology and Therapeutics میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔