پاکستان

’پی آئی اے نجکاری کے خلاف احتجاج ایک سیاسی کھیل‘

کراچی میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے ہلاکتوں میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں، پرویز رشید کا الزام.

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نجکاری کے خلاف احتجاج کو سیاسی کھیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں احتجاج کرنے والوں پر پولیس اور رینجرز نے نہیں بلکہ شاید جلوس کے اندر سے گولی چلائی گئی۔

پیر کو کراچی میں پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

واقعہ کے بعد اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پرویز رشید نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں بھی احتجاج ہوا مگر وہاں گولی نہیں چلی، تاہم کراچی میں جلوس کے اندر سے گولی چلائی گئی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ واقعہ میں پاکستان تحریک انصاف کے لوگ بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے احتجاج کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہڑتالیں پی آئی اے کے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے مفاد میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کے موقع پر اپنے منشور میں خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایوب خان اور ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی ان پر قتل کے مقدمات بنے اور’ آج پھر ہمارے اوپر قتل کا مقدمہ بنانے کا مطالبہ کیا جا رہاہے‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے ساتھی احتجاج میں شامل تھے اور ان کا مقصد دو تین لاشیں گرا کر اس پر سیاست کرنا تھا۔

محمد زبیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں بھی پی آئی اے کی نجکاری شامل ہے اور آج وہ اسی منشور کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔

زبیر کا کہنا تھا کہ وہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 6 ماہ کا وقت دینے کیلئے تیار ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔