عزیر بلوچ 13 ماہ سے زیر حراست تھے، اہل خانہ
کراچی : عزیر جان بلوچ کی کی سب سے بڑی بیٹی 14 سالہ یسریٰ نے ان کی گرفتاری کے حوالے سے بلآخر خاموشی توڑ ہی دی، ان کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ کو انٹر پول نے 27 دسمبر 2014 کو دبئی ائیر پورٹ سے گرفتار کیا تھا۔
عزیر جان کی کراچی کی عدالت میں پیشی کے بعد یسریٰ نے بتایا کہ جس وقت ان کو حراست میں لیا گیا تھا میں ان کے ہمراہ بیٹھی ہوئی تھی، حکام نے اس وقت صرف اتنا بتایا تھا کہ انہیں کچھ وقت کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، لیکن اس کے بعد 13 ماہ لگ گئے، اور اس دن کے بعد ہم نے ان کو آج دیکھا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ وہ زندہ ہیں۔
رینجرز کی جانب سے عزیر جان بلوچ کی گرفتاری کی خبر جیسے ہی علاقے میں پھیلی تو لیاری میں ہڑتال کا خدشہ پیدا ہوا تھا البتہ تمام دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے رہے تاہم ان کے خاندان کے افراد اور قریبی لوگ لیاری میں سنگھو لین کے علاقے میں ان کے گھر پر جمع ہوئے۔
خاندان کے افراد نے رینجرز کی جانب سے عزیر جان بلوچ کی گرفتاری کے دعویٰ پر سنگین شکوک وشبہات ظاہر کیے۔