عزیر بلوچ 90روز کیلئے رینجرز کے حوالے
سندھ رینجرز نے عذیربلوچ کو کراچی میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا،بعد ازاں عدالت سے 90 روز کا ریمانڈ لیاگیا.
کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو سندھ رینجرز نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا.
عذیر بلوچ کو سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے منتظم جج فاروق شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا.
لیاری گینگ وار کے سرغنہ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا پر ہائی کورٹ کے احاطے میں ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی.
رینجرز کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر عزیر بلوچ کو 90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا گیا.
قبل ازیں رینجرز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے رات گئے کراچی کے مضافاتی علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی، جس وقت لیاری گینگ وار کے سرغنہ کو گرفتار کیا گیا اس وقت وہ کراچی میں داخل ہو رہے تھے.