کھیل

دنیا بھر کے 13 خطرناک روایتی کھیل

برطانیہ سے لے کر قازقستان تک، ایسے روایتی کھیلوں کی کمی نہیں جن کو کھیلنا کمزور دل افراد کے بس کی بات نہیں۔

دنیا بھر کے 13 خطرناک روایتی کھیل


پاکستان میں بچے اور نوجوان اکثر کرکٹ، ہاکی یا فٹبال کھیلتے ہوئے بڑے ہوتے ہیں اور سہولیات کی کمی کے باعث چوٹیں لگنا معمول ہوتا ہے۔

مگر دنیا کے دیگر ممالک میں کھیل کے نام پر تشدد اور خطرناک ترین سرگرمیوں سے محبت بہت عام ہے۔

برطانیہ کی چیز رولنگ سے لے کر قازقستان کی گھوڑوں کی پشت پر ریسلنگ تک، دنیا میں ایسے روایتی کھیلوں کی کمی نہیں جن کو کھیلنا کمزور دل اور جسم افراد کے بس کی بات نہیں۔

یہاں کچھ ایسے ہی کھیلوں کا ذکر کیا جارہا ہے۔

مقدونیہ

رائٹرز فوٹو

یورپی ملک مقدونیہ میں ایک کھیل بہت مقبول ہے جسے ملک کی روایتی کشتی کا نام دیا جاسکتا ہے مگر یہ عام کشتی سے مختلف ہوتی کیونکہ اس میں جسموں پر تیل لگا کر مقابلوں میں حصہ لیا جاتا ہے، کھیل میں لگنے والی چوٹوں سے ہٹ کر تیل لگانے سے جلدی امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

جرمنی

رائٹرز فوٹو

جرمنی کے ایک صوبے باواریا میں ایک ایسا انوکھا روایتی کھیل بہت پسند کیا جاتا ہے جس میں اکثر انگلیاں ٹوٹ جاتی ہیں، اس کھیل کو فنگرہیکیلن کا نام دیا گیا ہے اور اس میں انگلیوں کے درمیان ایک چیز پھنسا کر اسے میز کے اوپر سے کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے جیسا آپ اوپر دیکھ سکتے ہیں۔

گوئٹے مالا

رائٹرز فوٹو

لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا کا روایتی کھیل ہاکی سے ملتا جلتا ہے مگر ایک بہت بڑا فرق ہے اور وہ ہے کہ گیند سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہوتے ہیں اور کسی کے جسم پر یہ گیند لگ جائے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کیسا زخم آسکتا ہے۔

کرغیزستان

رائٹرز فوٹو

کرغیزستان کے صوبے اوش میں کشتی کا کھیل بہت مقبول اور عام کھیلا جاتا ہے مگر یہ کشتی زمین پر نہیں بلکہ گھوڑے کے اوپر چڑھ کر ہوتی ہے، اس مقابلے میں گھڑ سوار اپنے مخالف کو گھوڑے سے نیچے گرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

جنوبی افریقہ

رائٹرز فوٹو

جنوبی افریقہ کا ایک روایتی کھیل میوسانگوے باکسنگ سے ملتا جلتا ہے، وینڈا نامی قبیلہ اس کھیل کا شوقین ہے جس میں بغیر گلووز کی باکسنگ کے مقابلے اکثر ہوتے ہیں اور بیشتر افراد کے جبڑے ٹوٹ جاتے ہیں۔

افغانستان

رائٹرز فوٹو

افغانستان کا کھیل بزکشی افغانستان سمیت وسط ایشیاءمیں بہت مقبول ہے جس میں گھڑسواروں کی دو ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اور ان کا مقصد ایک سر کٹے بکرے کو میدان کے درمیان میں بنے دائرے تک پہنچانا ہوتا ہے جس کے دوران گھوڑے سے گر کر چوٹیں لگنا عام سمجھا جاتا ہے۔

مالٹا

رائٹرز فوٹو

مالٹا کا روایتی کھیل گوسترا مرد، بچے اور خواتین سب کھیلتے ہیں جس میں جیت کا فیصلہ ایک گریس لگے کھمے پر چڑھ کر اس پر لگے جھنڈے کو واپس لایا جاتا ہے اور کھمبے سے پھسل جانے کا نتیجہ بتانے کی ضرورت نہیں اکثر لوگ ہسپتال بھی پہنچ جاتے ہیں۔

چین

رائٹرز فوٹو

چین کے صوبے زیجیانگ میں کشتی کا ایک منفرد مقابلہ ہوتا ہے جس میں مرد کسی انسان سے نہیں بلکہ ایک بھینسے سے لڑتے ہیں، تین منٹ تک جاری رہنے والی اس کشتی کو گیوانیو کہا جاتا ہے۔

رائٹرز فوٹو

چین کے ایک صوبے گوئی زو میں ہر سال ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا انعقاد ہوتا ہے اور ویسے تو یہ کچھ زیادہ خطرناک نہیں مگر موسم جتنا بھی خراب ہو یا دریا میں طغیانی ہی کیوں نہ ہو اس کا انعقاد ہوکر رہتا ہے۔

کوسوو

رائٹرز فوٹو

کوسوو کا روایتی کھیل ویسے تو دنیا بھر میں بچوں کو پسند ہے یعنی درختوں پر چڑھنا مگر یہاں کے اصول کچھ مشکل ہے۔ اگست کے پہلے ہفتے میں ہونے والے ریوگوا گیمز کے دوران شرکا 26 فٹ لمبے سپاٹ تنے پر بغیر کسی اوزار کی مدد سے چڑھنے کے مشکل مشن میں حصہ لیتے ہیں۔

پاکستان و انڈیا

رائٹرز فوٹو

کبڈی پاکستان اور انڈیا کے پنجاب کے دیہی علاقوں کا مقبول ترین کھیل ہے جو کشتی، کراٹے، ایتھلیٹکس اور دوڑ کا مجموعہ ہے جس میں کھلاڑیوں کو میدان کے مخصوص میں مخالف کو چھو کر واپس اپنے ایریا میں آنا ہوتا ہے جبکہ مخالف ٹیم کو اسے لائن پار کرنے سے روکنا ہوتا ہے۔

قازقستان

رائٹرز فوٹو

آپ نے رسی کھینچنے کا مقابلہ تو دیکھا ہوگا مگر قازقستان میں اسے مختلف ڈھنگ سے کھیلا جاتا ہے اور وہ بھی کسی بکرے کی کھال جیتنے کے لیے، اس کھیل میں دو افراد گھوڑے پر سوار ہوکر بکرے کی کھال کو اپنی جانب کھینچنے اور مخالف کو نیچے گرانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ کھیل وسط ایشیاءمیں بہت مقبول ہے۔

برطانیہ

رائٹرز فوٹو

چیز رولنگ برطانیہ اور نیوزی لینڈ میں لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے جس میں لوگ کسی پہاڑی کے اوپری حصے سے نیچے پوری رفتار سے بھاگتے ہوئے ایک لوہے یا لکڑی کے کسی ٹکڑے کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے دوران اکثر لڑھک کر نیچے پہنچ جاتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔