پاکستان

ژوب میں خود کش حملہ، 5 اہلکار زخمی

فوجی چھاؤنی کے مرکزی گیٹ سے بارودی مواد سے بھر ہوئی گاری ٹکرادی گئی، جس سے گیٹ پر تعینات اہلکار زخمی ہوئے.
|

ژوب : بلوچستان کے ضلع ژوب کے حساس علاقے میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے.

ژوب کے ڈپٹی کمشنر نے بھی ڈان سے گفتگو میں دھماکے کی تصدیق کی.

ایک سینیئر سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ژوب کی فوجی چھاؤنی کے دروازے پر بارودی مواد سے بھری ہوئی گاڑی ٹکرائی گئی جس سے گیٹ تباہ ہوا اورچھاؤنی کے دروازے پر تعینات اہلکار زخمی ہوگئے.

زخمی اہلکاروں کو ژوب کے فوجی ہسپتال سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں سے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی.

پولیس کے اعلیٰ افسر زاہد افضل نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جن میں ایک بچہ، ایک راہ گیر اور 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے.

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مختلف امدادی اداروں کے کارکن متاثرہ مقام کی جانب روانہ ہوئے۔

جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا.

ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کی آواز کافی دور تک سنی گئی.

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے لیے کتنا بارودی مواد استعمال کیا گیا اورنہ ہی دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی بھی شدت پسند گروپ کی جانب سے قبول کی گئی.

واضح رہے کہ ژوب بلوچستان کے حساس اضلاع میں شمار ہوتا ہے، اس کی سرحد پاکستان کے شمالی قبائلی علاقہ جات سے ملتی ہے، یہ قبائلی علاقے طویل عرصے سے شدت پسندی سے متاثر ہیں.

پاک-افغان سرحدی علاقوں کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے بھی شدت پسندوں کی جانب سے اس علاقے بھی پناہ لینے کی کوشش کی جاتی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔