وزیراعظم کی آستینوں میں سانپ چھپے ہوئے ہیں، خورشید شاہ
سکھر: قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے چوہدری نثار کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی آستینوں میں سانپ چھپے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آج ایک پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان 'مک مکا' کے الزامات کی تصدیق کرنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: بلاجواز تنقید سے نفسیاتی جنگ ہار رہے ہیں: نثار
انہوں نے خورشید شاہ کا نام لیے بغیر کہا کہ 'ایک اپوزیشن لیڈر نے اپنے عہدے کا کس طرح حکومت وقت سے فائدہ اٹھایا یہ ایک علیحدہ کہانی ہے۔ میں ایسے شخص کو اتنی اہمیت نہیں دینا چاہتا۔ مجھے افسوس ایک بات کا ہے ان کے نام کے ساتھ سید ہے اور ایک سید اتنی غلط بیانی کرے مجھے اس پر افسوس ہوا'۔
یاد رہے کہ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے چوہدری نثار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔
مزید پڑھیں:سانحہ چارسدہ: جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ وہ چوہدری نثار کی بات کا جواب پارلیمنٹ میں نوازشریف کی موجودگی میں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کسی کی حکومت نہیں بلکہ جمہوریت بچائی تھی۔ 'آج میرے خلاف بولنے والے ماضی میں میرے ہاتھ چومتے رہے ہیں۔'
خورشید شاہ نے کہا کہ الزام لگانا موجودہ حکومت کا وطیرہ بن گیا ہے اور وزیراعظم نے انہیں مطمئن نہ کیا وہ عدالت جائیں گے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم کی خاموشی کو چوہدری نثار کی حمایت سمجھا جائےگا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔