دانش کنیریا تاحال بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان نمائندگی کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
وہ دوسلپ اور ایک سلی پوائنٹ کے ساتھ باؤلنگ کرنے کے خیالوں میں کھو کر خوش ہوتے ہیں لیکن خدشہ یہی ہے کہ ان کے اس خواب کی تعبیر سچ ثابت نہیں ہونے دی جائے گی کیونکہ ان کے مخالفین کی کثیر تعداد موجود ہے۔
سلمان بٹ اور محمد آصف بہترین کارکردگی کے ساتھ ڈومیسٹک میں واپس آچکے ہیں اور محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ میں میں بھی قدم رکھ چکے ہیں۔ تینوں سزایافتہ کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کی سزا مکمل کرکے مسابقتی کرکٹ میں واپس آچکے ہیں۔
دانش کنیریا کو 2012 میں فکسنگ کے لیے ساتھی کھلاڑیوں کو ترغیب دلانے کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا دی گئی جس کے لیے کسی کی جانب سے کوئی مدد نہیں کی گئی۔
لیکن پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسپنر نے دامن پر لگے داغ کو صاف کر کے کرکٹ میں واپسی کی امیدیں نہیں چھوڑیں۔
ڈان سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ"مجھے بھگوان پر پورا بھروسہ ہے کہ میں ایک دن شفاف آدمی کے طورپر کھڑا ہوں گا اور میرے خلاف بنائی گیا گندی فضا ختم ہو گی"۔
کنیریا پر 2009 میں انگلیند کے ڈومیسٹک 40 اوورز کے ٹورنامنٹ میں میچ فکسنگ کا الزام لگا تھا۔
کنیریا کے مطابق ان کا جرم ابھی تک عدالت میں ثابت کرنا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے ان پر تاحیات پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
کنیریا پر الزام ہے کہ انھوں نے ایسیکس کاؤنٹی میں ساتھی کھلاڑی مارون ویسٹ فیلڈ کو اسپاٹ فکسنگ کے لیے اکسایا ہے۔
کنیریا کا موقف ہے کہ "ویسٹ فیلڈ کی گواہی پر انگلینڈ کے بورڈ نے مجھ پر تاحیات پابندی عائد کی لیکن اس کے علاوہ کوئی اور ثبوت نہیں ہے، کیا ان کے پاس کوئی ثبوت ہے، کیا ایسیکس پولیس نے مجھے شفاف قرار دیتے ہوئے جانے کی اجازت نہیں دی تھی"۔
ویسٹ فیلڈ کو ستمبر 2009 میں پرو40 میں ڈرہم کے خلاف میچ میں 6ہزار پاؤنڈ لے کر منصوبہ بندی کے مطابق رنز بنائے جو ثابت بھی ہوئے جس پرانھیں پروفیشنل کرکٹ میں 5 سال جبکہ کلب کرکٹ میں 3 سال کی پابندی کی سزا دی گئی۔
ویسٹ فیلڈ نے اپنی گواہی میں کہا تھا کہ انھیں دانش کنیریا نے میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے لیے اکسایا اور اسی کی بنیاد پر کنیریا پر 2012 میں پابندی لگائی گئی تھی۔
کنیریا کا کہنا تھا کہ "انھیں انگلینڈ کے عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے لیکن یہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ ہے جو میرے ساتھ متعصبانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے جس کے باعث مجھے تاحیات پابندی کا سامنا ہے"۔