پاکستان

فیصل آباد: گرلز اسکول کے باہر فائرنگ، طالبات خوفزدہ

اساتذہ نے فائرنگ کی اطلاع پولیس کو دی، پولیس نے فوری طورپراسکول کو گھیرے میں لے لیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.
|

فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں لڑکیوں کے ایک سرکاری اسکول کے باہر ہوائی فائرنگ کے بعد خوف ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے فوری طور پر اسکول کو گھیرے میں لے لیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں تاندلیانوالہ کے گورنمنٹ گرلز اسکول کے قریب فائرنگ کے بعد طالبات خوف زدہ ہوگئیں اور اسکول میں بھگڈر مچ گئی.

اسکول کے اساتذہ نے فوری طور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اہلکاروں کی بھاری نفری اسکول پہنچ گئی۔

پولیس نے اسکول کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی اسکول کے باہر جمع ہوگئی اور انھوں نے احتجاج بھی کیا.

احتجاج کے دوران بعض افراد نے اسکول کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی، بعد ازاں طالبات کو چھٹی دے کر گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حملے نے 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں ہونے والے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کی یاد تازہ کر دی کیونکہ یہ حملہ بھی اسی طرز پر کیا گیا تھا.

گزشتہ روز بھی لاہور میں پنجاب یونیورسٹی میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی غیر اعلانیہ ریہرسل کی گئی تھی، لیکن انتظامیہ اور طلبہ کی بےخبری کی وجہ سے یونیورسٹی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور طالبات خوف کے عالم میں یونیورسٹی سے باہر بھاگنا شروع ہو گئی تھیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔