کھیل

امریکا نیشنل فٹ بال کی تاریخ کی پہلی خاتون کوچ

کیتھرین اسمتھ کو امریکا نیشنل فٹ بال کی ٹیم بفیلو بلز نے مکمل اختیارات کے ساتھ کوچ مقرر کردیا.
Welcome

نیویارک: امریکا کی نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) کی ٹیم بفیلو بلز نے تاریخ میں پہلی دفعہ خاتون کیتھرین اسمتھ کو ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا۔

بفیلو بلز نے کیتھرین اسمتھ کو ٹیم کے کوالٹی کنٹرول کوچ کے طور پر ذمہ داریاں دی ہیں، انھوں نے ہیڈ کوچ ریکس ریان کے معاون کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائی ہیں جبکہ نیویارک جیٹس کے ساتھ 12 سال تک منسلک رہ چکی ہیں۔

کیتھرین امریکی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جسے کسی ٹیم میں مکمل اختیارات کے ساتھ کوچ کا منصب سونپا گیا ہے.

ریکس رائن کا کہنا تھا کہ کیتھرین اسمتھ نے سات سال میں ہماری ٹیم کے ساتھ غیرمعمولی انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دی ہیں، وہ اپنی معلومات اور اپنےعزم کے بدولت اس ترقی کی حق دار تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "میں جانتا ہوں کہ وہ کوالٹی کنٹرول کی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے پوری کریں گی"۔

بفیلو بلز کے رچی اینکوگنیٹو نے مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ شاندار کام کریں گی.

اسمتھ 2003 میں جیٹ کی ٹیم سے منسلک ہوئی تھیں اور 2005 میں کالج کی عبوری کوچ جبکہ 2007 میں ایک کھلاڑی کے کوچنگ اسٹاف میں اسسٹنٹ کے طورپر شامل ہوئیں اور 2014 میں ریکس ریان کی اسسٹنٹ کوچ مقرر ہوئیں۔

کیتھرین اسمتھ بلز میں مائیکل ہیملن کی جگہ لیں گی جنھیں رواں ماہ کے آغاز میں واپس نہیں لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔