کھیل

اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں باہر

آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز کے پہلے مرحلے میں اعصام اور جوناتھن مرے کو 6-3 اور 6-4 سے شکست ہوئی.

میلبورن: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق کو نئے سال کے آغاز کے ساتھ مسلسل تیسرے ٹورنامنٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں وہ آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز مقابلوں کے پہلے مرحلے میں ناکام ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

اعصام الحق اور ان کے برطانوی ساتھی جوناتھن مرے کا مقابلہ برازیل کے برونو سورس اور برطانیہ کے جیمی مرے سے تھا۔

برطانیہ کے نمبر ایک اینڈے مرے کے بڑے بھائی جمی مرے اور درجہ بندی میں 22 ویں نمبر پر موجود سورس پورے میچ میں اعصام کی جوڑی پر حاوی رہے اور ایک گھنٹہ 17 منٹ جاری رہنے والے مقابلے کو 6-3 اور 6-4 سے جیت کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔

اعصام الحق اور مرے مسلسل غلطیاں دہراتے رہے، دوسرے سیٹ میں اعصام اور ان کے ساتھی نے حریفوں کیلئے مشکلات کھڑی کیں لیکن وہ ناکافی ثابت ہوئیں۔

2010 کے بعد آسٹریلین اوپن میں اعصام کی یہ بدترین کارکردگی ہے، انھوں نے 2011، 2012، 2013، 2014 اور 2015 کے آسٹریلین اوپن مقابلوں میں تیسرے مرحلے تک رسائی کی تھی۔

اعصام اور جوناتھن مرے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں برسبین اوپن میں لوکاس کوبوٹ اور مارسن میکٹاؤسکی جبکہ آکلینڈ میں ایرک بیوٹوریک اور اسکاٹ لیپسکی سے شکست کھا گئے تھے۔

35 سالہ پاکسانی کھلاڑی اب قازقستان کی یاروسلیوا شیویدوا کے ساتھ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں حصہ لیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔