لائف اسٹائل

'رئیس' کا کردار ماہرہ کو کیسے ملا؟

بولی وڈ فلم رئیس میں شاہ رخ کی اہلیہ کے کردارکیلئے ہماقریشی کا انتخاب کیا گیا تھا، لیکن بازی ماہرہ کے حق میں پلٹ گئی.

اس بات میں کوئی تعجب نہیں کہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں مرکزی کردار کے لیے کئی اداکاراؤں کا نام سامنے آیا ہوگا لیکن اس کردار کے لیے کامیاب پاکستانی ڈرامہ ’ہمسفر‘ کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان کا انتخاب کیا گیا.

ڈی این اے انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کئی بولی وڈ اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ ہما قریشی بھی اس کردار کو حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل تھیں اور فلم سازوں کی پہلی پسند بھی بن چکی تھی.

ذرائع کے مطابق فلم سازوں کو ایک نئی جوڑی کی تلاش تھی اور ہما اس کردار کے لیے بالکل موزوں نظر آرہی تھیں، لیکن پھر اچانک بازی ماہرہ کے حق میں پلٹ گئی اور انھیں بہترین آڈیشن کی وجہ سے اس کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق فلم سازوں کو ایک ایسی اداکارہ کی تلاش تھی جو کردار کو بخوبی سمجھ سکے اور ایک پاکستانی ہونے کے باعث ماہرہ نے اسے بہترین انداز میں نبھایا۔

اگر شاہ رخ اور ماہرہ کی آن اسکرین کیمسٹری کی بات کی جائے تو وہ بھی ہمیں گزرے کئی واقعات میں صاف دکھائی دی ہے، یاد رہے کہ شاہ رخ نے ماہرہ کو ایک ٹوئیٹ کے ذریعے یہ تک کہا تھا کہ وہ دونوں فلم میں ایک ساتھ اچھے نظر آئیں گے۔

شاہ رخ اور ماہرہ فلم میں ایک گانے پر رقص کرتے ہوئے بھی نظر آئیں گے۔

فلم ’رئیس‘ کی کہانی ایک ایسے گجراتی غنڈے پر بنائی گئی ہے جو بہت بڑا گینگسٹر بن جاتا ہے۔

شاہ رخ اس فلم میں گینگسٹر جبکہ ماہرہ ان کی بیوی کا کردار کر رہی ہیں، اداکار نوازالدین صدیقی بھی اس فلم میں ایک پولیس اہلکار کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

فلم 'رئیس' رواں برس عید پر ریلیز کی جائے گی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.